کراچی میں شدید گرمی: درجہ حرارت 39 ڈگری سے تجاوز، کل بھی موسم گرم رہنے کی پیشگوئی

کراچی(قدرت روزنامہ)ہفتے کو شہر میں انتہائی گرم موسم ریکارڈ ہوا، دن بھر گرم ریگستانی ہوائیں چلنے کے سبب شدید حدت محسوس کی گئی،ہوا میں نمی کا تناسب صرف 15 فیصد ہونے کے باوجود درمیانے درجے کی ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہی،پارہ 39 ڈگری سے تجاوز کرگیا جبکہ آج(اتوار)کو بھی گرم دن متوقع ہے۔
حالیہ دنوں ملک میں داخل ہونے والے مغربی سلسلے کے اثرات زائل ہونے کے بعد شہر گرم موسم کی لپیٹ میں آگیا، ہفتے کو دن بھر گرم و خشک موسم جبکہ شمال مغربی سمت کی ہوائیں چلیں، دن بھر تیز چلچلاتی دھوپ کی وجہ سے شدید گرمی محسوس کی گئی، دن کے وقت گرم ریگستانی ہواؤں کے سبب ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے باوجود جذوی ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہی۔
محکمہ موسمیات کےمطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 1.6 ڈگری اضافے سے 39.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 15فیصد رہا، گرمی کی حالیہ لہر جمعرات تک جاری رہ سکتی ہے۔