امن و امان کا معاملہ، امریکا کی پاکستان میں اپنے شہریوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا نے پاکستان میں سفر پر اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ وہ خصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سفر سے گریز کریں۔
ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ نے خبردار کیاکہ پُرتشدد انتہا پسند گروپ خاص طور پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے صوبوں میں حملوں کی منصوبہ بندی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایڈوائزری میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گرد بغیر کسی وارننگ کے حملہ کرسکتے ہیں۔ جیسا کہ شاپنگ مالز، فوجی تنصیبات، ہوائی اڈوں، یونیورسٹیوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو تفویض کردہ امریکی حکومت کے اہلکاروں کو زیادہ خطرات کی وجہ سے بڑے اجتماعات میں شرکت سے منع کیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے نظرثانی کے تحت نئی سفری پابندی جلد ہی پاکستان اور افغانستان کے افراد کو امریکا میں داخلے سے روک سکتی ہے۔
اس کے علاوہ قریباً 2 لاکھ افغان جن کی امریکی آبادکاری کے لیے منظوری دی گئی ہے یا ویزا کی درخواستیں زیر التوا ہیں، کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔