علی شیخانی کا نیا منصوبہ: فوڈ پاپا اور پاپا رائیڈ کی شاندار انٹری، ہزاروں نوکریوں کی نوید

کراچی(قدرت روزنامہ)مشہور امریکی کاروباری شخصیت علی شیخانی کی قیادت میں شیخانی گروپ نے اپنے نئے منصوبے فوڈ پاپا اور پاپا رائیڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ منصوبہ امریکا، متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت 50ہزار سے زائد نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔

شیخانی گروپ کے مطابق ریسٹورنٹس اور رائیڈرز کی درخواستیں 18 اپریل 2025 سے شروع ہوں گی جبکہ ان کا باضابطہ آغاز 20 جون 2025 کو کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ علی شیخانی ایک معروف امریکی کاروباری شخصیت ہیں، جن کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے اور وہ 15 اکتوبر 1986 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے امریکا میں کاروباری دنیا میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور آج وہ شیخانی گروپ کے ذریعے کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین علی شیخانی نے اپنی “رمضان روزگار اسکیم” پر ہونے والی تنقید کو سختی سے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کراچی میں جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے رہنما ظفر عباس کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت ضرورت مندوں کو معیاری کھانے اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

حال ہی میں آج نیوز کے رمضان ٹرانسمیشن “بارانِ رحمت” میں شرکت کے دوران علی شیخانی نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ “سیٹھ کھلا رہا ہے، تمہیں کیا مسئلہ ہے؟ اگر کوئی صاحب حیثیت لوگوں کو کھانے کھلا رہا ہے تو اس پر اعتراض کیوں؟”

انہوں نے مزید کہا کہ “یہ ناانصافی ہے کہ امیر لوگ فائیو اسٹار ہوٹلز میں کھانے کھائیں اور نچلے طبقے کو صرف بنیادی کھانا فراہم کیا جائے۔

علی شیخانی نے وضاحت کی کہ یہ اسکیم صرف کھانے تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد افراد کو روزگار کے قابل بنانا بھی ہے۔ اس منصوبے کے تحت مستحق افراد کو رکشے اور بائیکس فراہم کی جائیں گی، تاکہ وہ اپنے طور پر روزی کما سکیں۔

شیخانی گروپ نہ صرف کاروباری دنیا میں بلکہ سماجی بھلائی کے کاموں میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ فوڈ پاپا اور پاپا رائیڈ جیسے منصوبے معیشت کو فروغ دینے اور لوگوں کو خود مختار بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ منصوبہ خصوصاً پاکستان میں بے روزگاری کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا اور ہزاروں افراد کے لیے مستقبل کی امید بنے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *