فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست، بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

دبئی(قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں کے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیرل مچل 63 اور مائیکل بریس ویل کے 53 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔
جس کے جواب میں بھارتی ٹیم نے کپتان روہت شرما اور شریاس ایئر کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت 252 رنز کا ہدف 6 گیندوں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، رویندرا جڈیجا نے 49 ویں اوور کی آخری گیند پر وننگ شارٹ کھیلا۔
بھارت کی بیٹنگ
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 252 ہدف کے تعاقب میں بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے ٹیم کو 105 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا تاہم شبمن گل 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
پچھلے دو میچوں میں بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے ویرات کوہلی صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے تاہم کپتان روہت شرما وکٹ پر ڈٹے رہے اور اپنی نصف سینچری مکمل کی انہوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 83 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔
شریاس ایئر نے بھی 62 گیندوں پر 48 رنز کی اہم اننگز کھیلی، اکشر پٹیل نے 29 اور ہاردک پانڈیا نے 18 رنز بناکر جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔
اس کے علاوہ کے ایل راہل 33 گیندوں پر 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ رویندرا جڈیجا نے وننگ شارٹ کھیل کر میچ کا اختتام کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور مائیکل بریس ویل نے 2،2 جبکہ کائل جمیسن اور رچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس طرح بھارت نے 252 رنز کا ہدف 49 ویں اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔
چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا کو 4 میچوں میں 263 رنز بنانے اور 3 وکٹیں حاصل کرنے پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پانچویں بار چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیلنے والی بھارتی ٹیم نے 2002 میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر اور 2013 میں انگلینڈ کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ
قبل ازیں دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیوی اوپنرز نے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد اوپنر ول ینگ 23 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد ورون چکرورتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
69 کے مجموعی اسکور پر رچن روندرا 29 گیندوں پر 37 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ 75 کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن صرف 11 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کو انہی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ بھارتی اسپنر روندرا جدیجہ کے حصے میں آئی جنہوں نے 108 کے مجموعی اسکور پر ٹام لیتھم کو ایل بی ڈبلیو کردیا انہوں نے 30 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔
بھارت چیمپئینز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو کیسے ہرا سکتا ہے؟
165 کے مجموعی اسکور پر گلین فلپس 52 گیندوں پر 34 رنز بنانے کے بعد ورون چکرورتی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 211 رنز پر گری جب ڈیرل مچل 63 رنز کی اننگ کھیل کر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 239 رنز پر گری اور کپتان مچل سینٹنر 8 رنزبناکر رن آؤٹ ہوئے۔
کیوی آل راؤنڈر مائیکل بریس ویل نے آخری لمحات میں کچھ ہمت دکھائی اور جارحانہ اسٹروکس کھیلے، وہ 40 گیندوں پر 53 ر نز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، وہ 2 چھکے اور 3 چوکے لگانے میں کامیاب رہے۔
اس طرح پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی طرف سے کلدیپ یادو اور ورون چکرورتھی نے 2، 2، رویندرا جڈیجا اور محمد شامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کا ٹاس
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچیل سینٹنر نے بھارت کے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیوی کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ ہم فائنل کے لیے تیار ہیں، یہ ایک اچھا چیلنج ہوگا، ہم اسکور بورڈ پر اچھا مجموعہ ترتیب دیں گے اور میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ توقعات کے مطابق میدان میں بھارتی شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے،پچ ویسی ہی ہےجیسےبھارت کےخلاف پچھلےمیچ کی تھی۔
مچل سینٹنر نے بتایا کہ میٹ ہینری انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی جگہ نیتھن اسمتھ کھیل رہے ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ مجھے بعد میں بیٹنگ کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے، یہ ایک اچھی پچ ہے، اس میں بہت زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے، ہمیں پہلے بولنگ کرنا ہوگی اور ہمیں صرف اس بات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے کہ انہیں کس طرح محدود کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جو چیز اہم ہے وہ یہ ہے کہ آپ کتنا اچھا کھیلنا چاہتے ہیں، ہم ٹاس کے بارے میں فکر مند نہیں ہونا چاہتے، ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔
روہت شرما نے کہا کہ ایک اور اہم میچ ہے، ہم دیکھیں گے کہ کیا کرنے کی ضرورت ہے، نیوزی لینڈ ایک عظیم ٹیم رہی ہے، ایک اور چیلنج یہ ہے کہ ہم کتنا اچھا کھیل سکتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
نیوزی لینڈ کی ٹیم ول ینگ، رچن روندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریس ویل، کپتان مچل سینٹنر، کیلے جیمیسن، نیتھن اسمتھ اور ول اورورکی پر مشتمل ہے۔
بھارت کی پلیئنگ الیون
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شیریاس ائیر، اکسر پٹیل، کے ایل راہو، ہردک پانڈیا، روندرا جدیجا، کلدیپ یادو، محمد شامی اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آج بھارت اور نیوزی لینڈ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں 25 سال بعد مدمقابل ہیں، 25 سال قبل نیروبی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو کرس کینز کی شاندار سنچری کی بدولت 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک دونوں کے درمیان ون ڈے فارمیٹ میں 119 میچزکھیلے جاچکے ہیں، جس میں بھارت کا پلڑا بھاری ہے، بھارتی ٹیم نے 61 اور کیویز نے 50 میچ جیتےہیں، ایک میچ ٹائی اور 7 بے نتیجہ رہے۔
واضح رہے کہ آج بھارت اور نیوزی لینڈ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں 25 سال بعد مدمقابل تھے، 25 سال قبل نیروبی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے 2000 میں بھارت کو کرس کینز کی شاندار سنچری کی بدولت 4 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار ٹرافی جیتی تھی جبکہ 2009 میں دوسری بار اسے آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس سے قبل بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 2 بار چیمپئنز ٹرافی میں آمنے سامنے آئی ہیں اور دونوں نے ہی ایک ایک میچ جیتا تھا۔
بھارت پہلی بار 2000 میں فائنل میں پہنچا تھا جہاں انہیں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری مرتبہ 2002ء میں بارش کے باعث بھارت اور سری لنکا کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا۔
تیسری مرتبہ 2013ء میں بھارت نے انگلینڈ کو شکست دے کر ٹرافی جیتی۔
بھارت 2017ء میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان سے ہارا تھا۔