چیمپئنز ٹرافی 2025: کس کھلاڑی نے سب سے زیادہ وکٹیں لیں اور سب سے زیادہ رنز بنائے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا میلہ بھارت کی شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
اتوار کو بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز اسکور کیے۔ بھارت نے ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست کے باوجود کیوی بیٹر اور بولر نے ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پہلا نمبر حاصل کیا۔
سب سے زیادہ رنز کس نے بنائے؟
نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے نوجوان آل راؤنڈر راچن رویندرا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز اسکور کیے۔
راچن نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے 4 میچز میں 263 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔اس نوجوان آل راؤنڈر نے ایونٹ میں 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
راچن رویندرا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 2 سنچریاں بھی اسکور کیں۔
اس شاندار کارکردگی کی بنیاد پر راچن رویندرا کو ‘پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔
سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں بھارت کے شریاس ائیر نے 243 رنز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ انگلینڈ کے بین ڈکٹ 227 رنزکے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
سب سے زیادہ وکٹیں کس نے لیں؟
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کندھے کی چوٹ کے باعث فائنل سے باہر ہونے کے باوجود کیوی فاسٹ بولر میٹ ہینری 10 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہے۔
میٹ ہینری کو سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف فیلڈنگ کے دوران چوٹ لگی تھی۔انہوں نے ٹورنامنٹ کے 4 میچز میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کے ورون چکرورتی 3 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کرکے اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے جبکہ محمد شامی اور کیوی اسپنر مچل سینٹنر نے 5 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے حسن علی (2017 میں 13 وکٹیں) اور ویسٹ انڈیز کے جیروم ٹیلر (2006 میں 13 وکٹیں) چیمپئنز ٹرافی کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 ٹیموں پر مشتمل اس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کل 15 میچز کھیلے گئے۔
پاکستان نے ایونٹ کی میزبانی کی جبکہ بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *