میو اسپتال میں انجکشن کا ری ایکشن؛ ایک اور مریض دم توڑ گیا، ہلاکتیں 2 ہو گئیں

ری ایکشن سے 17 افراد تاحال زیر علاج، مریم نواز نے نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب


لاہور(قدرت روزنامہ)میو اسپتال میں انجکشن کے ری ایکشن سے ایک اور مریض دم توڑ گیا، جس کے بعد ہلاکتیں 2 ہو گئیں جب کہ 17 افراد اب بھی متاثرہ ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے میو اسپتال میں انجکشن کے ری ایکشن سے دوسرا مریض بھی جاں بحق ہوگیا۔ 36 سالہ دولت خان آئی سی یو میں زیر علاج تھا۔
قبل ازیں اسپتال میں پھیپھڑوں کے انفیکشن کے علاج میں استعمال ہونے والے انجکشن سے 18 افراد کو ری ایکشن کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں پہلے ایک لڑکی جاں بحق ہوئی جب کہ کچھ کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی تھی، جس کے بعد آج دوسرا میریض بھی جاں بحق ہوگیا جب کہ 17 افراد تاحال ری ایکشن سے متاثر ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میو اسپتال میں انجکشن کے مریضوں پر ری ایکشن کی خبر کانوٹس لے لیا اور سیکرٹری ہیلتھ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سے رپورٹ طلب کرلی۔
مریم نواز نے انجکشن کے مبینہ ری ایکشن سے مریضوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔
انہوں نے دیگر متاثرہ مریضوں کے بہترین علاج کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انجکشن کے ری ایکشن کےواقعے پر گہری تشویش ہے، غفلت کے ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *