” مجھے اذیت دی گئی” 14 کلو سونا سمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی بھارتی اداکارہ عدالت میں رو پڑی

بینگلورو (قدرت روزنامہ) کنڑ فلموں کی مشہور اداکارہ رنیا راؤ نے عدالت میں کہا کہ انہیں زبانی طور پر اذیت دی گئی اور دھمکایا گیا، جس کی وجہ سے وہ شدید صدمے اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہیں گزشتہ ہفتے 14.56 کروڑ روپے مالیت کے سونے کی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بینگلورو کی ایک خصوصی عدالت نے جب اداکارہ سے دریافت کیا کہ آیا انہیں حراست میں جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑا، تو انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا “مجھے زبانی طور پر اذیت دی گئی اور دھمکایا گیا۔ میں شدید صدمے میں ہوں اور جذباتی طور پر ٹوٹ چکی ہوں۔” یہ کہتے ہوئے وہ عدالت میں روپڑیں۔
محکمہ ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے اداکارہ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرفتاری اور پوچھ گچھ کا پورا عمل سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ کیا گیا ہے، کسی بھی قسم کے بدسلوکی کے شواہد موجود نہیں۔
اداکارہ کی ایک تصویر جس میں ان کی آنکھیں سوجی ہوئی اور چہرے پر زخموں کے نشان تھے، سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جانے لگیں کہ انہیں حراست میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم کرناٹک سٹیٹ کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن ناگالکشمی چودھری نے کہا کہ جب تک کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی جاتی، تحقیقات شروع نہیں کی جا سکتیں۔
اداکارہ 3 مارچ کو جب دبئی سے بینگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں تو ان کے قبضے سے 14.2 کلو گرام سونا برآمد ہوا، جس کی مالیت 14.56 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ رنیا راؤ گزشتہ 15 دنوں میں چوتھی بار دبئی کا سفر کر رہی تھیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گزشتہ ایک سال میں وہ 27 بار دبئی جا چکی ہیں جس کی وجہ سے وہ حکام کے ریڈار پر آئیں۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ کچھ سونے کو زیورات کے طور پر پہن کر جبکہ باقی کپڑوں میں چھپا کر لے کر آتی تھیں تاکہ ایئرپورٹ پر پکڑی نہ جا سکیں۔ گرفتاری کے بعد ڈی آر آئی نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے دو کروڑ روپے کے زیورات اور 2.67 کروڑ روپے نقدی برآمد ہوئی۔ اس کیس میں مزید دو افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
اداکارہ سینئر آئی پی ایس افسر رام چندر راؤ کی سوتیلی بیٹی ہیں۔ ان کے سوتیلے والد نے گرفتاری پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا “میرے کیریئر پر آج تک کوئی داغ نہیں لگا۔ میری سوتیلی بیٹی کی شادی کے بعد سے میرا اس سے کوئی رابطہ نہیں تھا، نہ ہی میں اس کے یا اس کے شوہر جتن ہکرے کے کاروبار سے واقف تھا۔”
اداکارہ کو 24 مارچ تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ ان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت منگل کے روز متوقع ہے۔