پی ٹی آئی اور جے یو آئی قائدین کے درمیان مذاکرات، رمضان سے ہی جدوجہد شروع کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی اور جمعیت علما اسلام کے قائدین کے درمیان مذاکرات کے لیے ہونے والی ملاقات میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جے یو ائی کا وفد مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں پی ٹی آئی قیادت سے مذاکرات کیلیے پارلیمنٹ لاجز پہنچا۔ جے یو آئی کے وفد میں سینیٹر کامران مرتضی بھی شامل تھے۔
مذاکرات کی بیٹھک میں پی ٹی ائی کی جانب سے اسد قیصر بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ شریک ہوئے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی معاملات پر ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے بامقصد مذاکرات کیے گئے جس میں مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور جمیعت علمائے اسلام کے رہنماؤں کا ایک اہم اجلاس ابھی ختم ہوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، جنید اکبر، عاطف خان، ایم این اے عامر ڈوگر اور اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی شریک ہوئے۔ جے یو آئی کی طرف سے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری اور سینیئر رہنما سینیٹر کامران مرتضٰی نے اجلاس میں شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان ملاقات نہایت خوش گوار ماحول میں ہوئی اور کھلے لفظوں میں بحث ہوئی، اس بات پر اتفاق ہوا کہ جو پیشرفت آج کی ملاقات میں ہوئی اس پر ہم عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کی حتمی رائے لینے کے بعد انشاءاللہ اسی رمضان ایک مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ عوام کے سامنے آئیں گے۔