صدر اور وزیراعظم کی جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملےکی شدید مذمت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف زرداری نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو ریسکیو کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
صدر کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں اور مسافروں پر حملے غیر انسانی اور مذموم عمل ہے، مسافروں پر حملے کرنے والے بلوچستان اور اس کی روایات کے خلاف ہیں، بلوچ قوم نہتے مسافروں، بزرگوں اور بچوں پر حملے کرنے اور یرغمال بنانے والوں کو مسترد کرتی ہے،کوئی مذہب اور معاشرہ ایسی گھناؤنی کاروائیوں کی اجازت نہیں دیتا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کی مذمت کی اور کہا کہ سکیورٹی فورسز بہادری و پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کا سدباب کررہی ہیں، دشوار راستوں کے باوجود آپریشن میں شامل سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کے حوصلے بلند ہیں، سکیورٹی فورسز بروقت کارروائی اور بہادری سے بزدل دہشت گردوں کو پسپا کر رہی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کا آپریشن جلد کامیاب ہوگا، بزدل دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملہ کرنے والے حیوان صفت دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گرد بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، رمضان المبارک میں مسافروں کو نشانہ بنانا عکاس ہے کہ دہشت گردوں کا اسلام، پاکستان اوربلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بدامنی و انتشار پھیلانے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،دہشت گردی کی اس جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے100 سےزائد مسافروں کوبازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 16 سےزائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے جرات کے ساتھ دہشت گردوں کےعزائم کو ناکام بنایا، زخمی مسافروں کی جلد صحت یابی کے لیےدعا گو ہیں، نہتے مسافروں پر حملہ غیر انسانی فعل ہے، معصوم مسافروں پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، قوم کی حمایت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ جعفرایکسپریس پر حملہ بزدلانہ دہشت گردی ہے، حملہ آوروں کو عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے، خون بہانے والوں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائےگا، بلوچستان میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو نیست و نابود کردیا جائے گا، عوام خوفزدہ نہ ہوں، دشمنوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، سکیورٹی ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں، بچ کر کوئی نہیں جائےگا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا جعفر ایکسپریس کے نہتے مسافروں پر حملہ کرنے والے انسانیت سے عاری ہیں، دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہر مسافر کی خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور نے جعفر ایکسپریس پردہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کی طرف سے مسافروں کو یرغمال بنانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بےگناہ مسافروں کو نشانہ بنانا اور ان کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا بزدلانا فعل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو شہید کرنا انتہائی قابل مذمت فعل ہے، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے جعفر ایکسپریس پرحملے کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ دہشت گرد پاکستان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، دہشت گردوں کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے، بلوچستان حکومت کا فوری ایمرجنسی کا نفاذ موجودہ صورتحال سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرےگا،ٹرین میں موجود مسافروں کے تحفظ کے لیے دعاگو ہوں۔