خالی پیٹ چائے یا کافی پینے سے کیا نقصان ہوسکتا ہے؟ ماہرین کی وارننگ

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) اگر آپ کا دن چائے یا کافی کے کپ سے شروع ہوتا ہے تو یہ خبر آپ کے لیے اہم ہے۔ ماہرین کے مطابق صبح نہار منہ چائے یا کافی پینے سے تیزابیت، بدہضمی، گیس اور معدے میں جلن جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، جو پورے دن کی راحت میں خلل ڈال سکتے ہیں۔ ڈاکٹر سوربھ کا کہنا ہے کہ نہار منہ چائے یا کافی پینے کی عادت نظام ہاضمہ کو کمزور کر سکتی ہے اور دل و دماغ کی صحت پر بھی منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

نظام ہاضمہ پر اثر: چائے اور کافی میں موجود ٹینن اور کیفین ہاضمے میں خلل ڈال سکتے ہیں، جس سے بدہضمی، اپھارہ اور قبض جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
دل کی صحت کے لیے خطرہ: زیادہ چائے یا کافی پینے سے بلڈ پریشر بڑھ سکتا ہے، جو دل کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
بلڈ شوگر لیول پر اثر: زیادہ چینی والی چائے یا کافی پینے سے انسولین کے خلاف مزاحمت بڑھ سکتی ہے، جس سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ذہنی صحت پر اثر: کیفین کا زیادہ استعمال ذہنی دباؤ، بے خوابی اور تھکن کا باعث بن سکتا ہے، جس سے دماغی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

نیوز 18 کے مطابق چائے اور کافی کے بجائے قدرتی جڑی بوٹیوں سے بنا قہوہ یا ڈیکوکشن پینا زیادہ فائدہ مند ہے۔ تلسی، ادرک، لونگ، الائچی اور کالی مرچ کا قہوہ نہ صرف جسم کو توانائی بخشتا ہے بلکہ مدافعتی نظام کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
اس کے علاوہ گڑ، دار چینی اور لیمن گراس سے بنی ہوئی چائے جسم کو ڈیٹاکس کرتی ہے، جلد کو چمکدار بناتی ہے اور مجموعی صحت کو بہتر کرتی ہے۔ اگر آپ نہار منہ چائے یا کافی کی جگہ یہ قدرتی مشروبات استعمال کریں تو نظام ہاضمہ بہتر رہے گا، توانائی برقرار رہے گی اور جسمانی صحت میں بہتری آئے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *