بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کا منصوبہ، اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کے حوالے سے اہم اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں ڈپٹی وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری، وفاقی سیکرٹری توانائی سمیت اعلیٰ وفاقی حکام نے شرکت کی۔
جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی حکام اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے اجلاس میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اس عمل کو تیز کرنے پر زور دیا گیا ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے وفاقی وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر کام کی رفتار بڑھائی جائے تاکہ زمینداروں کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں تاخیر کے باعث زمینداروں میں بے چینی پائی جاتی ہے جبکہ غیر معمولی تاخیر سے رواں سیزن میں زمینداروں کو مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ وفاقی وزارت توانائی، کیسکو اور صوبائی حکومت کے درمیان مربوط رابطہ کاری کے ذریعے اس منصوبے پر عمل درآمد کی رفتار تیز کی جائے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زمینداروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مالی نقصان کو کم سے کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے تدارک کے لیے قانون سازی مکمل کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اس ضمن میں صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے۔
اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردی کے واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے فوری ردعمل اور کارروائی کو سراہا دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے مکمل یکجہتی اور قوت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *