جعفر ایکسپریس واقعہ پر بھارتی میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی ایک زبان بول رہے تھے، عطا تارڑ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے بلوچستان میں آپریشن منطقی انجام کو پہنچ گیا۔ افسوس کے ساتھ انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعہ پر ایک زبان بول رہے تھے، کاش یہ اس آپریشن کے حوالے سے مصدقہ معلومات پر بات کرتے۔
جعفر ایکسپریس سانحہ پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنانے والے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ آپریشن شروع ہونے سے پہلے 21 جانوں کا نقصان ہوا جبکہ پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ آپریشن کے دوران بہادری اور دلیری کے ساتھ پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ کیا۔ ٹرین میں 440 افراد سوار تھے، پاک فوج، ایف سی، ایس ایس جی اور ایئر فورس نے مہارت سے اس آپریشن کو مکمل کیا۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا کی طرف سے بہت افسوسناک پروپیگنڈا کیا گیا، کچھ سیاسی عناصر نے اس افسوسناک واقعہ کو اپنی سیاست چمکانے کے لیے استعمال کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے، اس سانحہ پر جو سیاست کھیلی گئی، اس کی مذمت کرتے ہیں۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پاکستان میں اس طرح کے واقعات کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، یرغمال مسافروں کو بازیاب کرا کے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جھوٹا بیانیہ بنانے پر تحریک انصاف کو شرمسار ہونا چاہیے، اللہ کا شکر ہے ہم بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف افواج پاکستان، سیکیورٹی فورسز، پولیس اور رینجرز متحرک ہیں، دہشت گردوں کا تعاقب کیا جائےگا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان آپریشن انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیت سے مکمل کیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف، حکومت پاکستان، افواج پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کا دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کا غیر متزلزل عزم ہے۔
انہوں نے کہاکہ بی ایل اے کے دہشت گردوں نے اپنے آپ کو ایکسپوز کیا، ان کی سازش ناکام ہوئی، دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے حوصلے اور ہمت کے ساتھ تیار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات ہوئی ہے، کل وزیراعظم بلوچستان کا دورہ کریں گے اور تفصیل سے لائحہ عمل پر روشنی ڈالیں گے۔