جعفر ایکسپریس پر حملہ: پاکستان دشمنوں کی سازش بے نقاب، دفتر خارجہ کا سخت ردعمل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)) دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کو پاکستان دشمن عناصر کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ملک سے باہر موجود دہشت گردوں کا منصوبہ تھا۔ انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اس حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرے اور پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث قوتیں ملک کے امن کو تباہ کرنا چاہتی ہیں، مگر پاکستان ان مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ چین سمیت عالمی برادری نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتی ہے۔
دریں اثنا، دفتر خارجہ نے بھارتی قیادت کے آزاد جموں و کشمیر سے متعلق متنازع بیانات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کا آئینہ دار قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتا رہے گا۔