مرغی کے گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، کیا عید تک ریٹ دُگنا کردیا جائیگا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں برائلر مرغی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، پنجاب، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں کی ہول سیل منڈیوں میں برائلر مرغی 19,600 روپے فی من تک جا پہنچی۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب سمیت ملک بھر میں برائلر مرغی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد مرغی کے گوشت کی قیمت 1,000 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی۔ ہول سیل مارکیٹ میں برائلر 19,600 روپے فی من فروخت ہو رہی ہے جبکہ زندہ مرغی کی قیمت 590 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
پولٹری فارمز مالکان اور ایسوسی ایشنز کے مبینہ گٹھ جوڑ نے رمضان المبارک میں عوام کی جیبوں پر بھاری بوجھ ڈال دیا۔ رمضان سے قبل 12,000 روپے فی من میں فروخت ہونے والی مرغی اب 19,600 روپے تک جا پہنچی ہے، جس سے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
منافع خوروں نے جیبیں بھرنا شروع کردیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق چینی مافیا کے بعد مرغی فارمز بھی ایک بڑے مافیا کی شکل اختیار کر چکے ہیں، اور اگر وفاقی و صوبائی حکومتوں نے فوری اقدامات نہ کیے تو عیدالفطر پر مرغی کی قیمتیں دگنی ہونے کا خدشہ ہے۔
برائلر فارم ایسوسی ایشن (BFA) نے عید کے دوران قیمتوں میں مزید اضافے کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے، جس کے تحت مرغی کی پیداوار میں کمی کر دی گئی ہے، جبکہ انڈوں کی قیمتیں بھی مزید بڑھانے کی تیاری جاری ہے۔