پاک فوج کے ترجمان نے ملک میں بڑھتی دہشتگردی کی اصل وجہ بے نقاب کردی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں پاک فوج کے ترجمان نے ملک میں بڑھتی دہشتگردی کی اصل وجہ بے نقاب کردی۔
تفصیل کے مطابق خاتون صحافی نے سوال کیا کہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ فوج اور سیکیورٹی فورسز کے آپریشن جاری ہیں لیکن اس کے باوجود ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا، اس کی وجوہات کیا ہیں۔
اس کے جواب میں پاک فوج کے ترجمان احمد شریف نے بتایاکہ دہشتگردوں کے خلاف فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ قوم بھی لڑتے ہیں، ایک نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا تھا جس کے 14 نقاط تھے ۔انہوں نے بتایاکہ افغانستان سے دہشتگردوں کو سپیس مل رہی ہے ، وہ چاہے علاقائی تنظیمیں ہوں یا عالمی ، ہمارے پاس شواہد ہیں، وہاں ان کے مراکز ہیں، لیڈر شپ موجود ہے ، تربیت ہورہی ہے ، ریکروٹمنٹ مل رہی ہے ، افغانی یہاں ( پاکستان میں )آکر خودکش حملوں میں اڑنے والوں میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کے بعد نائٹ وژن ڈیواٗسز بھی ان تنظیموں کے ہاتھ لگی ہیں جس سے ان کو مدد ملی ۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں سیکیورٹی فورسز روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 180 آپریشن کررہی ہیں، پاکستان میں سمگلنگ ، منشیات فروشی اور غیرقانونی دھندوں میں ملوث مافیا کے خلاف کارروائیاں بھی ہورہی ہیں اور وہ بھی ایسی سرگرمیوں کو سپورٹ کرتے ہیں تاکہ بے امنی پیدا ہو اور وہ اپنا مقصد حاصل کرسکیں۔