جعفر ایکسپریس ہائی جیک، سیکیورٹی فورسز نے اے پی ایس جیسا سانحہ ہونے سے بچالیا، بیرسٹر گوہر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس ہائی جیک واقعے پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے اے پی ایس جیسا سانحہ ہونے سے بچا لیا ہے، جس پر سیکیورٹی فورسز خراج تحسین کی مستحق ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اے پی ایس جیسا سانحہ ہونے سے بچالیا، سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کا احترام کرتے ہیں، جعفر ایکسپریس واقعے سے پاکستان کو زخم لگا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سویلین کو ٹارگٹ کرنے کی مذمت کرتے ہیں، کل بھی وزیراعظم نے سب سے پہلے تنقید کا نشانہ پی ٹی آئی کو بنایا، چند بیانات جو صحیح یا غلط ہیں، اس کا سہارا لے کر قوم کو تقسیم کررہے ہیں، اپوزیشن اتحاد سیکیورٹی پر آل پارٹیز کانفرنس بلائے گا۔
اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ نے کہا کہ 36 گھنٹے سے جو کچھ ہوا اس کے ذمہ دار وزیر دفاع تھے، وزرا نے قوم کو بتانا مناسب نہ سمجھا کہ کیا ہورہا ہے، ہمارے تلخ سوالات ہیں اور ہم ان کیمرا سیشن بلانے کا مطالبہ کرتے ہیں، ہم اس واقعے پر انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمہ جہت کانفرنس بلا کر اجتماعی طور پر ایسا نظام بنائیں کہ ہم بربادی سے نکل آئیں،تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے تجویز کرتے ہیں کہ ہمہ جہت کانفرنس بلائی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *