بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا،میر سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور دہشت گردوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔
وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال سے کھیلنے والوں کو ہر قیمت پر عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، اور ہم ہر قیمت پر امن قائم کریں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے دشمن عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گی اور دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، اور امن دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کا ہر فرد اس پاک دھرتی کے لیے اپنے لہو پیش کرنے والے شہداء کے خون کا مقروض ہے۔