نوشکی حملہ: فورسز کا فوری جوابی ایکشن، چار دہشتگرد ہلاک


نوشکی (قدرت روزنامہ) بلوچستان کے شہر نوشکی میں آج صبح دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، جس میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کے کانوائے پر حملہ کیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق، یہ حملہ دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی مذموم کارروائیوں کا حصہ تھا۔
حملہ آوروں نے بارودی مواد کا استعمال کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے کانوائے کو نشانہ بنایا، تاہم فورسز نے فوری طور پر بھرپور جوابی کارروائی کی۔ ترجمان کے مطابق، اس آپریشن میں حملہ آوروں سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔
واضح رہے کہ اس حملے میں تین سیکیورٹی فورسز کے جوان اور دو شہری شہید ہوئے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے اور دہشت گردوں کے فرار کے تمام راستے بند کر دیے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا پیچھا کیا جا رہا ہے اور مارے جانے والے دہشت گردوں کے علاوہ دیگر ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہ ہو جائے۔
شاہد رند نے اس بات پر زور دیا کہ یہ جنگ صرف سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کی نہیں، بلکہ پورے صوبے کے ہر فرد کی جنگ ہے۔ حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام مل کر دہشت گردی کو شکست دیں گے اور امن کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *