اور آ خر کار نواز شریف کی بھی سنی گئی، سرپرست اعلیٰ بنا دیا گیا

لاہور (قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیے لاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج ریوائیول قائم کر دی ہے جس کے سرپرست اعلیٰ نواز شریف ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج کا قیام عمل میں لایا گیا اور لاہور میں تاریخی مقامات سے تجاوزات کی نشاندہی اور ان کو ہٹانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں لاہور میں زیر زمین پارکنگ کے لیے شہر کے 5 مقامات کی نشاندہی کی گئی جب کہ نیلے گنبد کی اصل شکل کو بحال کرنے کے لیے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ شاہی قلعہ، جہانگیر اور نور جہاں کے مقبروں، شالا مار باغ، کامران کی بارہ دری اور دیگر مقامات کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا جب کہ شاہ عالم مارکیٹ سے بھاٹی تک پیدل چلنے کے لیے واک وے بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکلر روڈ اور تاریخی دروازوں کے اطراف تجاوزات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بھاٹی گیٹ اور دیگر دروازوں کا منظر واضح کرنے کے لیے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کی جب کہ نواز شریف نے کاروبار کے لیے متبادل جگہ فراہم کرنے اور تجاوزات کے متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت کی۔
نواز شریف نے کہا کہ پرانا لاہور بہت خوبصورت ہے، اسے اصل حالت میں بحال کرنا ضروری ہے، شہروں کی اصل اور قدیم حالت میں بگاڑ پیدا کرنا مناسب رویہ نہیں، قومی ورثے کو تباہ کرنا پسماندگی کے مترادف ہے۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ جگہ جگہ تجاوزات سے شہروں کو خراب نہیں ہونے دیں گے، لاہور کے تاریخی دروازوں کو ان کی قدیم شکل میں بحال کریں گے۔