رمضان شوز میں جعلی کالز کا بڑھتے رجحان ریٹنگ بڑھانے کا سستا طریقہ؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مختلف چینلز پر رمضان ٹرانسمیشن زور و شور سے جاری ہے۔ ہر چینل زیادہ سے زیادہ ناظرین کی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہے، اس کے لیے نہ صرف معروف چہروں کو میزبان منتخب کرتا ہے بلکہ مشہور فنکاروں کو بطور میزبان بھی پروگرام میں شریک کیا جاتا ہے۔
تقریباً ہر چینل کے رمضان شو میں ایک خاص سگمنٹ ہوتا ہے جس کے دوران لوگ کال کر کے اسلامی اسکالرز سے اپنے مسائل کا دینی حل دریافت کرتے ہیں۔
جانوروں کے ناموں سے پکارنا
اس سال اس خاص سگمنٹ میں عجیب و غریب اور نامناسب کالز کا بڑھتا ہوا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ان تمام کالز میں اپنی شریک حیات، بیویوں کو دھوکا دینا اور غیرضروری نجی معاملات پر بات ہو رہی ہے، مثلاً ٹی وی کے شو میں ایک کال موصول ہوئی جہاں ایک آدمی پوچھ رہا تھا کہ کیا وہ اپنی بیوی کو پالتو جانوروں کے ناموں سے پکار سکتا ہے۔ یہاں تک کہ اس نے پوچھا کہ کیا وہ اپنے بچے کو بھی اسی طرح پکار سکتا ہے۔
ایک عورت کے 2 شوہر
ایسے ہی ایک عورت کا سوال تھا کہ جب مرد 4 بیویاں رکھ سکتا ہے تو اس کے 2 شوہر کیوں نہیں ہوسکتے؟
ایک شخص جس کی 4 بیویاں ہیں وہ 5ویں بیوی کا وظیفہ طلب کرتے سنا گیا۔
ناظرین کی ناراضی
ظاہر کے ان غیر ضروری بلکہ بیہودہ سوالات کو ناظرین میں ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ لائیو شو میں اس طرح کی کالز کی اجازت کیسے دی جا رہی ہے۔ یہ شوز اسلامی ہیں اور ان کا مقصد تعلیم دینا ہے لیکن ان بیہودہ کالز کے ذریعے ریٹنگ بڑھانے کا ایک آسان راستہ اختیار کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری تبصروں میں صارفین ان کالز کو جعلی اور پلانٹڈ قرار دے ہیں، اور اس طرح کی کالز رمضان ٹرانسمیشن میں شامل کرنے کو رمضان کے احترام کے خلاف بتا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *