دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پوری قوم پرعزم ہے، میر علی حسن زہری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ترجمان صدر پاکستان آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے نوشکی دالبندین قومی شاہراہ پر بس کے قریب دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید غم و غصہ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پوری قوم پرعزم ہے۔یہ گھناونا عمل انسانیت اور معاشرتی اقدار پر حملے کے مترادف ہے ایسے بربریت کے واقعات کا مقصد بلوچستان کے امن کو سبوتاڑ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔بیان میں صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے عوام غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اورانہیں کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اوردہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے امن دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا اوردہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کرتے ہوئے اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاک فوج اوردیگر سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر دہشتگردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں اورانشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کر کے ان کے وجود سے دھرتی کو پاک کر دیا جائے گا۔پوری قوم ملک سے دہشتگردوں کے خاتمے تک اپنے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے اور اس مقصد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔میر علی حسن زہری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصرکی پاکستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائیگا۔میر علی حسن زہری نے دھماکے میں شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *