ملک میں دہشت گردی کو ہرصورت شکست دیں گے، وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔ ملک میں دہشت گردی کو ہرصورت شکست دیں گے۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی میں ابتدائی اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ سیاسی قیادت اختلافات ایک طرف رکھ کر قومی سلامتی پر ایک ہے، ملک میں دہشت گردی کو ہرصورت شکست دیں گے، اچھا ہوتا اگر اپوزیشن کے دوست بھی اہم اجلاس میں شرکت کرتے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں، ملک کی سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، عسکری قیادت کا شکرگزار ہوں کہ پارلیمانی قیادت کو اعتماد میں لینے کے لئے یہاں ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خاص طور پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی ملک کے لیے ناسور بن چکی ہے، شہدا اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں فراموش نہیں کر سکتے، دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا اور ملک کو پاک کریں گے، ہمارے بہادر جوان ملک کی سلامتی کے لیے جانیں دے رہے ہیں۔