کیویز کے جو کیچز ہونے تھے وہ چھکے ہوئے: بولرحارث رؤف


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان کے فاسٹ بولرحارث رؤف کا کہنا ہے کہ سب کھلاڑیوں نے محنت کی ہے لیکن ہمارے بولرز بدقسمت رہے۔
ڈونیڈن میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کی۔ ان کا کہنا ہے کہ سب کھلاڑیوں نے محنت کی ہے، اس گراؤنڈ پر ہائی اسکورنگ میچز ہوتے ہیں۔
حارث رؤف نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے اچھی کرکٹ کھیلی لیکن پاکستانی بولرز اچھی بولنگ نہیں کرا سکے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کیوی بیٹرز کے کچھ شاٹ ایسے تھے جن میں ہمارے بولرز بدقسمت رہے، کیوی بیٹرز کے ٹاپ ایج لگنے پر بھی چھکے ہو رہے تھے، ان کے جو کیچز ہونے تھے وہ چھکے ہوئے۔
فاسٹ بولر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم پر تنقید عام ہو چکی ہے، لوگ انتظار کر رہے ہوتے ہیں کہ ٹیم ہارے تو تنقید شروع کریں، پاکستان میں تنقید معمول بن چکی ہے، مگر سب کی اپنی رائے ہے، وہ رائے دے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے تو پورا موقع دینا ہو گا، دنیا میں نوجوان کرکٹرز کو 10 سے 15 میچز کا موقع دیا جاتا ہے، تمام سینئرز جونیئر کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ تاثرغلط ہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر ایشیا کی پچز پر مشکل میں ہیں، دنیا کے فاسٹ بولر جب پاکستان آتے ہیں تو وہ ہم سے پوچھتے ہیں کہ یہاں کس طرح بولنگ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی 5 وکٹوں سے شکست ہوئی ہے۔
گرین شرٹس اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری 5 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج ڈونیڈن میں کھیلا گیا، جو بارش کی وجہ سے اپنے مقررہ وقت کے بجائے تاخیر سے شروع ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *