پی ایس ایل؛ کیا صائم کی جگہ زلمی نے اس اوپنر کو اسکواڈ کا حصہ بنایا؟
اوون کی اسکواڈ میں شمولیت نے مداحوں کو تجسس میں ڈال دیا

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے قبل ہی پشاور زلمی کے جارح مزاج اوپنر صائم ایوب کی لیگ میں شرکت کے حوالے سے سوالات اٹھ گئے۔
گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز پشاور زلمی نے اوپنر صائم ایوب کے اسکواڈ میں ہوتے ہوئے بگ بیش لیگ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنیوالے مچل اوون کو اسکواڈ کا حصہ بنایا اور انہیں رزیرو کھلاڑی میں رکھا گیا ہے۔
مچل اوون کی سلیکشن نے مداحوں کو تجسس میں ڈال دیا ہے کہ پشاور زلمی اوپنر صائم ایوب اوپننگ کیلئے بابراعظم کے ہمراہ دستیاب ہوں گے یا نہیں۔
گزشتہ ایڈیشن میں بابراعظم اور صائم ایوب نے کئی مواقعوں پر شاندار شراکت داری قائم کرکے میچز جتوانے میں اہم کردار کیا تھا جبکہ صائم کئی مرحلوں پر بالنگ کرتے بھی دیکھائی دیے تھے۔
خیال رہے کہ دورہ جنوبی افریقا کے دوران اوپنر صائم ایوب انجری کا شکار ہوکر سہ ملکی سیریز، آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سے باہر ہوگئے تھے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں صائم ایوب کی شرکت تاحال غیر یقینی ہے تاہم وہ ٹرینر حنیف ملک کی نگرانی میں اپنی فٹنس پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب بی بی ایل کے 2024-25 ایڈیشن میں مچل اوون نے 45.20 کی اوسط اور 203.60 کے ناقابل یقین اسٹرائیک ریٹ سے 452 رنز بنائے تھے۔