وزارت خزانہ کی سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن نہ بڑھانے کے بیان پر وضاحت

وزیر خزانہ سے منسوب اور نشر کی جانے والے خبریں حقیقت پر مبنی نہیں، وزارت خزانہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن نہ بڑھانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ایسی خبریں بے بنیاد ہیں۔
اپنے بیان میں وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کے فلور پر خطاب کرتے ہوئے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا اور نہ ہی بیان دیا ہے، اس حوالے سے ان سے منسوب اور نشر کی جانے والے خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
وزارت خزانہ نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ وزیر خزانہ کے خطاب میں سرکاری ملازمین کے پے اسکیلز پر نظر ثانی یا ان کی تنخواہوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نے تحریری طور پر ایک معزز رکن اسمبلی کی جانب سے سوال اٹھائے جانے پر معزز ایوان کو صورت حال سے آگاہ کیا اور ایوان کو آگاہ کیا کہ فی الوقت اگلے مالی سال کے لیے وفاقی حکومت کے ملازمین کے پے اسکیلز پر نظرثانی اور ان کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں خاطر خواہ اضافے کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
قبل ازیں خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن نہ بڑھانے کا عندیہ دے دیا اور کہا کہ اس بجٹ میں تنخواہ اور پنشن بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے اور بعدازاں ایوان میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں کہا کہ آئندہ مالی سال سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، ملازمین کے الاؤنسز اور پے اسکیل پر نظرثانی کی بھی کوئی تجویز نہیں ہے۔
انہوں ںے مزید لکھا کہ ملازمین کے لیے ہائرنگ اور سیلنگ کی حد بڑھانے کا معاملہ زیر غور ہے تاہم وفاقی سرکاری ملازمین کی پنشن میں بھی اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں تاہم اب وزارت خزانہ کا وضاحتی بیان سامنے آیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *