’ اب پردہ کرتی ہوں‘، زرنش خان کی سوشل میڈیا سے پرانی تصاویر استعمال نہ کرنے کی درخواست

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ زرنش خان نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے درخواست کی ہے کہ ان کی پرانی تصاویر استعمال نہ کی جائیں۔
زرنش خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری پر لکھا ہے کہ میری سارے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے درخواست ہے کہ براہِ مہربانی میری پرانی تصاویر استعمال نہ کریں۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ وہ اب پردہ کرتی ہیں اس لیے درخواست کر سکتی ہیں کہ ان کی پرانی تصاویر استعمال نہ کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی جس کو جو لکھنا ہے وہ لکھے بس ان کی پرانی تصاویر اور ویڈیوز استعمال نہ کریں۔
یاد رہے کہ زرنش خان نے 2023ء میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے بعد شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ زرنش خان نے شوبز سے علیحدگی اختیار کرنے کی وجہ سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ انہیں خواب میں حضور اکرم ﷺ کی زیارت نصیب ہوئی، جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اب شوبز سے دوری اختیار کریں گی۔
زرنش خان نے کہا کہ شوبزمیں کامیابی حاصل کرنے اورعروج پانے کے باوجود انہیں ہر وقت کسی چیز کی کمی محسوس ہوتی تھی، وہ سوچتی تھیں کہ اس دنیا اور کامیابی کا کیا مقصد ہے، ان کے دل میں خیال آتے تھے اور انہیں احساس ہوتا تھا کہ ان کی زندگی اور کامیابی کا کوئی مقصد نہیں۔
زرنش خان نے کہا کہ جب وہ شوہر کے ساتھ عمرے کی ادائیگی کے لیے گئیں اور عمرے کی ادائیگی کے بعد ان کی زندگی یکدم بدل کررہ گئی، عمرے کی ادائیگی کے لیے مقدس مقامات پر پہنچنے کے بعد انہوں نے وہاں چاروں طرف افراد کو روتے دیکھا، جنہیں دیکھ کر انہیں احساس ہوا کہ وہ خدا کے حضور کیسے جھکیں اور اللہ سے کیسے معافی مانگیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ عمرے کے ادائیگی کے دوران ہی رات کو خواب میں حضور اکرم ﷺ آئے، جنہوں نے ان سے کافی دیر تک باتیں کیں، انہیں کافی دیر تک تعجب ہوا اور اس بات پر حیران رہیں کہ کیسے ان جیسی گناہگار خاتون کے خواب میں حضور اکرم ﷺ آئے۔
انہوں نے کہا کہ خواب میں حضور اکرم ﷺ نے انہیں خدا سے معافی مانگنے کا کہا، جس پر وہ نیند سے اٹھ گئیں اور گھنٹوں تک روتی رہیں، خواب میں حضور اکرم ﷺ کو دیکھنے کے بعد ہی انہوں نے انسٹاگرام سے اپنی ریلز اور تصاویر ڈیلیٹ کیں اور وہیں فیصلہ کیا کہ اب وہ مزید شوبز میں نہیں رہیں گی۔