پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار 15ملزمان کیخلاف ٹرائل کی کارروائی ملتوی

لاہور ( قدرت روزنامہ) انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار 15ملزمان کے خلاف ٹرائل کی کارروائی 15اپریل تک ملتوی کر دی ۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی۔ملزمان پر کار سرکار میں مداخلت پولیس ہر حملہ اور پیٹرول بم پھینکے کا الزام ہے ۔ذکر الٰہی سمیت دیگر ملزمان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔ملزمان کی جانب سے مختار احمد رانجھا ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔ذکر الٰہی چوہدری پرویز الٰہی کا قریبی رشتہ دار ہے جبکہ دیگر ملزمان میں پرویز الٰہی کے باورچی ڈرائیورز اور سکیورٹی گارڈز شامل ہیں ۔ملزمان کی ٹرائل کے لئے عدالت میں حاضری مکمل کی گئی ۔ملزمان میں غلام محی الدین ،ذکر الٰہی ،ملک عاشق حسین ،محمد صابر ،نور خان ،محمد بشیر احمد ،سمیع اللہ خان ،عبد المجید ،عابد محمود ،ساقب حسین ،منیر احمد ،محمود احمد ،مسعود احمد ،محمد حسین اور ممتاز حسین شامل ہیں۔پراسکیوشن نے ملزمان کیخلاف چالان عدالت میں جمع کرا رکھا ہے ۔ملزمان کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ عدالت نے سماعت 15اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے پراسکیوشن کے گواہان کو شہادت قلمبند کرانے کے لئے طلب کر لیا۔