ایف آئی اے نے چینی مافیا کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے چینی مافیا کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے تحقیقات کیلئے پی ٹی اے سے مدد مانگ لی۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پی ٹی اے سے 11 افراد کے نام پر رجسٹرڈ موبائل فون نمبرز طلب کر لئے۔ ایف آئی اے کی بھجوائی گئی فہرست میں چینی کے مبینہ جعلی خریداروں کے نام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو مبینہ خریداروں کے صرف نام اور شناختی کارڈ نمبر فراہم کئے گئے ہیں۔ موبائل سمز کے نمبر فراہم نہیں کیے گئے۔ چینی مافیا کے خلاف تحقیقات کی ہدایت وزیراعظم شہباز شریف نے دے رکھی ہے۔