ورلڈ بینک کی پاکستان کو 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا قرض دینے کی منظوری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ورلڈ بینک نے پاکستان میں مائیکرو فنانس سیکٹر کی بہتری، چھوٹے قرضوں تک رسائی میں اضافہ اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے 102 ملین ڈالر (10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر) کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فنڈنگ “ریزیلینٹ اینڈ ایکسیسبل مائیکروفنانس پروجیکٹ” کے تحت دی گئی ہے، جسے ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منگل کے روز منظور کیا۔ اس کا اعلان اسلام آباد میں موجود ورلڈ بینک کے ریزیڈنٹ مشن کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کیا گیا۔
فروری میں ورلڈ بینک کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھاجس میں ملک کی جاری معاشی اصلاحات اور نجکاری کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ مذاکرات کنٹری فریم ورک پروگرام کے فالو اپ کا حصہ تھے، جو جنوری میں مکمل ہوا تھا اور جس کے تحت پاکستان کو تقریباً 20 ارب ڈالر کی امداد فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان نے کہاکہ مائیکرو فنانس پاکستان کی کمزور اور نچلے طبقے کی برادریوں کی معاشی بہتری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
یہ اقدام مائیکرو فنانس سیکٹر کو بڑھتے ہوئے موسمیاتی خطرات کے دوران بھی مستحکم رکھے گا اور ان لوگوں کو مالی مدد فراہم کرے گا، جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں۔
اس منصوبے سے تقریباً 18 لاکھ 90 ہزار افراد کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جن میں 10 لاکھ سے زائد خواتین اور 3 لاکھ 50 ہزار نوجوان شامل ہیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد کم آمدنی والے اور دیہی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو مالی مدد فراہم کرنا ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق، یہ فنڈز مائیکرو فنانس اداروں کو دیے جائیں گے تاکہ وہ موسمیاتی بحران کے دوران بھی قرضوں کی فراہمی جاری رکھ سکیں اور نچلے طبقے کو مستحکم مالی سہولت فراہم کر سکیں۔