سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعدکوئٹہ سے ٹرین سروس کی بحالی کیلئے تیاریاں مکمل


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد کوئٹہ سے ٹرین سروس کی بحالی کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور دہشت گردی سے متاثرہ جعفر ایکسپریس کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر ریلوے کو ڈی ایس ریلوے کی جانب سے ٹرین سروس کی بحالی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ کوئٹہ سے ٹرین سروس کی بحالی کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔
یادرہے کہ 11مارچ کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد ریل گاڑیوں کی آمدورفت کا سلسلہ گذشتہ 15 روز سے معطل ہے، راستوں کی بندش اور غیر محفوظ سفر نے بسوں کے ذریعے جانے والوں کا سفر بھی محال کردیا اور گھنٹوں کا سفر دنوں میں طے ہونے سے لوگ اذیت کا شکار ہیں۔
ادھر متبادل راستوں سے کراچی جانے والی گاڑیوں کے کرانے بھی بڑھا دیے گئے ہیں جبکہ بولان کے راستے کراچی جانے کا 4 ہزار کا ٹکٹ 7 سے 8 ہزار کردیا گیا، جہاز کا یکطرفہ کرایہ 70 سے 80 ہزار روپے ہے۔
راستوں کی بندش سے اشیائے خورونوش کا بحران پیدا ہوگیا، مصنوعی مہنگائی سے شہری پریشان ہوگئے، راستوں کی بندش کے باعث پھل سبزی اور باہر سے آنے والا سامان مہنگا ہوچکا ہے۔
کوئٹہ میں گزشتہ 5 دنوں سے انٹر نیٹ سروس بھی معطل ہے، شہر کا ملک بھر سے رابطہ کٹ کر رہ گیا ہے، سڑک کا راستہ بند یا پھر مشکل ہونے کے بعد ریل سروس بھی بحال نہیں، جہاز کا سفر عام آدمی کے بس میں نہیں رہا، مسافروں کا کوئی پرسان حال نہیں محفوظ اور آسان سفر کڑا امتحان بن گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *