عامر خان نے شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ رقابت کا راز کھول دیا


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنے ساتھی اداکاروں شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ تعلقات اور رقابت کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
حالیہ انٹرویو میں، جسے “جسٹ ٹو فلمی” نے شائع کیا، عامر خان نے خود پر شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ رقابت کے الزامات پر کھل کر بات کی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے درمیان کبھی رقابت رہی ہے تو انہوں نے جواب دیا:بالکل تھی۔
اب دوستوں میں تھوڑا بہت ہوتا ہی ہے۔ جب آپ رشتہ رکھو گے تو دوستی بھی ہوگی اور تھوڑی بہت ان بن بھی ہوگی۔
عامر خان نے یہ بھی واضح کیا کہ اب ایسی کوئی رقابت باقی نہیں رہی اور تینوں کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تینوں اداکار ایک ہی سال پیدا ہوئے اور تقریباً ایک ہی وقت میں فلمی صنعت میں قدم رکھا۔
عامر خان نے ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا، جب انہیں لگا کہ شاہ رخ اور سلمان ان کا کیریئر ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب ہدایت کار نتیش تیواری نے انہیں “دنگل” کے لیے کاسٹ کرنے کی خواہش ظاہر کی، جو ان کی فلم “دھوم 3” کے فوراً بعد تھی، تو انہیں ایک لمحے کے لیے ایسا محسوس ہوا جیسے یہ کسی سازش کا حصہ ہو۔
“ایک لمحے کے لیے میں نے سوچا کہ کہیں یہ شخص سلمان یا شاہ رخ کی طرف سے بھیجا تو نہیں گیا؟ شاید وہ مجھے فلم انڈسٹری سے باہر کرنا چاہتے ہوں!” عامر نے ہنستے ہوئے کہا۔
بالی ووڈ کے تینوں خانز اپنی بلاک بسٹر فلموں اور شاندار دوستی کے لیے مشہور ہیں۔ اگرچہ وقتاً فوقتاً ان کے اختلافات کی خبریں آتی رہیں لیکن کسی نے بھی اس حوالے سے کھل کر بات نہیں کی تھی۔
عامر خان نے تمام خدشات کو نظر انداز کرتے ہوئے “دنگل” سائن کی جو بعد میں باکس آفس پر زبردست ہٹ ثابت ہوئی۔
جہاں تک تینوں خانز کے تعلقات کا سوال ہے تو انہیں اکثر ایک ساتھ مختلف تقریبات میں دیکھا جاتا ہے۔ حال ہی میں شاہ رخ اور سلمان، عامر کی 60ویں سالگرہ سے پہلے ان سے ملاقات کے لیے بھی گئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *