افغانستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ،میچ سے عین قبل کونسی ٹیم فیورٹ قرار دیدی گئی؟ ٹورنامنٹ کے سب سے اہم میچ سے متعلق بڑی پیشنگوئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)افغانستان بمقابلہ نیوزی لینڈ میچ آج تین بجے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔اس میچ کو ٹورنامنٹ کا اب تک کا اہم میچ قرار دیا جائے تو غلط نہ ہو گا کیونکہ اسی میچ پر بھارتی ٹیم کی قسمت کا فیصلہ بھی منحصر ہے۔ اگرچہ افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کی ٹیم سے کمزور تصور کی جاتی ہے لیکن افغانستان کرکٹ ٹیم میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ کسی بھی بڑی ٹیم کو سرپرائز شکست سے دوچار کر سکتے ہیں۔ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نمبر ون بالر راشد خان اپنی ٹیم کے مضبوط ترین کھلاڑی ہیں وہیں ٹیم کے کپتان محمد نبی کی بالنگ بھی کسی بھی بڑی ٹیم کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا سکتی ہے۔

بلے بازوں کی بات کی جائے تووکٹ کیپر محمد شہزاد، حضرت اللہ ززئی اور نجیب زردان جارحانہ بلے بازی کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ تاہم اس میچ میں نیوزی لینڈ کا پلڑا اس وجہ سے بھی بھاری دکھائی دیتا ہے کہ افغانستان کی جیت کی صورت میں بھی اس کی ٹورنامنٹ میں واپسی کا کوئی خاص امکان نہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی فتح ان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔

سرچ انجن گوگل پر ووٹنگ کے مطابق اس میچ میں نیوزی لینڈ کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔نیوزی لینڈ کی جیت کے امکانات 68فیصدجبکہ افغانستان کی جیت کے امکانات صرف 32 فیصد ہیں۔