تحائف نہ دینے پر چھوڑنے پر بوائے فرینڈ نے محبوبہ سے بدلہ لینے کا ایسا طریقہ نکالا کہ پولیس کے بھی ہوش اُڑ گئے

ممبئی (قدرت روزنامہ )بھارتی ریاست مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے شخص کو اپنی محبوبہ کی رہائش گاہ پر 300 کیش آن ڈیلیوری آرڈر بھیجنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق24 سالہ نادیہ نامی خاتون بینک میں ملازم ہے جس نے 4 ماہ کے دوران 300 آرڈرز ملنے کے بعد پریشان ہوکر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی تھی۔

24 سالہ نادیہ نے ایمازون اور فلپ کارٹ اکاؤنٹس بلاک کیے جانے کے بعد پولیس سے رابطہ کیا، تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ جس شخص نے خاتون کے گھر سیکڑوں آرڈر بھیجے وہ کوئی اور نہیں بلکہ اس کا25 سالہ سابق بوائے فرینڈ سمن سکندر ہے۔

نادیہ نے بھی پولیس کو بتایا کہ پارسل گزشتہ برس نومبر میں سمن سے اس کے بریک اپ کے فوراً بعد ملنا شروع ہوئےتاہم سیکڑوں پارسل کو ادائیگی کے بغیر واپس کردیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ نادیہ کا پڑوسی سمن سکندر اسے برسوں سے جانتا تھا اور حال ہی میں ہوئے بریک اپ کے بعد سمن نے نادیہ کو ہراساں کرنا شروع کیا، سمن نے پولیس کے سامنے پارسل بکنگ کرنے اور نامعلوم نمبرز سے نادیہ کو ٹیکسٹ اور کالز کے ذریعے ہراساں کرنے کا بھی اعتراف کیا۔

سمن نے پولیس کو بتایا کہ’ نادیہ کو آن لائن شاپنگ بہت پسند تھی اور وہ اکثر اس سے تحائف کا مطالبہ کرتی تھی لیکن وہ یہ مطالبات پورے نہیں کرسکتا تھا جس کی وجہ سےنادیہ نے اس سے بریک اپ کرلیا اور یہی وجہ تھی کہ اب اس نے نادیہ کو پارسلز کے ذریعے ہراساں کیا‘۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *