شمالی وزیرستان: سیکورٹی فورسز کی تین دن کامیاب کارروائیاں، 71 خوارج ہلاک
54 دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد مزید 17 مارے گئے

شمالی وزیرستان(قدرت روزنامہ)شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز نے 25 سے 28 اپریل 2025 کے دوران کامیاب کارروائیوں میں 71 خوارج ہلاک کردئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 25 سے 27 اپریل کے دوران 54 خوارج ہلاک کئے۔
اس کے بعد 27 اور 28 اپریل کی درمیانی شب، حسن خیل اور اس کے گردونواح میں، پاکستان-افغانستان سرحد کے ساتھ ایک منظم صفائی آپریشن کیا گیا۔
اس آپریشن کے دوران مزید 17 خوارج، جو اپنے بھارتی آقاؤں کے کہنے پر دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے تھے، نشانہ بنا کر انجام کو پہنچا دیے گئے۔ ہلاک شدہ خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
تین دن جاری رہنے والے انسداد دہشت گردی آپریشن میں مارے جانے والے خوارج کی مجموعی تعداد 71 ہو چکی ہے۔
سیکورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک کی سرحدوں کے تحفظ، امن، استحکام اور پاکستان کی ترقی کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہر قیمت پر دشمن عناصر کا قلع قمع جاری رکھیں گے۔
