حکومت کا پیٹرول کی قیمت برقرار جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رکھنے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 مئی سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 252.63 روپے پر برقرار رہے گی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 2 روپے کمی کے بعد نئی قیمت 254.64 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 5.04 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 164.65 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 4.68 روپے فی لیٹر کم ہوکر 150.65 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں تبدیلی اور مقامی مالیاتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ قیمتوں پر نظرثانی کا عمل ہر 15 روز بعد جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
