اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں: عثمان بزدار

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں۔لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی جماعت ہے، پنجاب میں ہمیشہ مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے ہیں، ہمیشہ اتحاد ی جماعت کو ساتھ لے کر چلے ہیں اور چلیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ق لیگ سےبہترین کوآرڈینیشن کے تحت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے، مسلم لیگ ق کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنائیں گے، اتحادی جماعت سے مشاورت کے عمل کو مزید آگے بڑھائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ اتحادی جماعت کے اراکین کی تجاویز کو ہمیشہ اہمیت دی ہے، عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے، سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے اور ہمارا اتحاد آگے کی جانب بڑھتا جائے گا۔