بھارت کچھ نہیں بگاڑ سکتا، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے: وزیر اعلیٰ بلوچستان
برشور میں بڑے ترقیاتی اعلانات، لیویز بھرتیاں، گرلز کالج و کولڈ اسٹوریج کا وعدہ

نوکریاں صرف میرٹ پر، شہداء کے بچوں کی تعلیم کی ذمے داری لی: میر سرفراز بگٹی
پشین (قدرت روزنامہ)برشور پشین میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیا کہ “بھارت پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا” اور کہا کہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہے، بھارت کی ہر چال ناکام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، کوئی پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتا،
کیونکہ پوری قوم اپنی بہادر فوج اور سپہ سالار کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے جلسے میں ترقیاتی اعلانات بھی کیے، جن میں برشور گریڈ اسٹیشن کو جلد فعال کرنے، کولڈ اسٹوریج کی تعمیر، 50 لیویز اہلکاروں کی بھرتی، توبہ کاکڑی میں گرلز کالج و اسپتال کے قیام، اور علاقے میں غیر قانونی مائننگ پر پابندی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشین کے 72 غیر فعال اسکولوں کو فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ 73واں اسکول بھی جلد کھولنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ نوکریاں اب صرف میرٹ پر دی جائیں گی تاکہ غریب کا بچہ بھی برابر کا حق دار ہو۔
میر سرفراز بگٹی نے عام انتخابات کے دوران دہشت گردی کا شکار ہونے والے شہداء کے بچوں کی تعلیم کی ذمے داری قبول کی اور کہا کہ وہ انہیں معیاری اداروں میں تعلیم دلائیں گے۔ انہوں نے مغوی مصور کاکڑ کو اپنا بچہ قرار دیا اور بازیابی کے لیے بھرپور کوششوں کا وعدہ کیا، جبکہ اسفندیار کاکڑ کی عوامی نمائندگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزارت نہیں بلکہ عوام کا حق مانگا۔ وزیر اعلیٰ نے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی عالمی سطح پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ہم اکھٹے تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، کیونکہ پاکستان کی خدمت ہمارا فرض اور فخر ہے۔
