قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے سعید انور کا نام ’کانٹا‘کیوں رکھا تھا ؟ وقار یونس نے ایسا واقعہ سنادیا کہ آپ کی بھی ہنسی چھوٹ جائے
کراچی(قدرت روزنامہ) قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی سعید انور کو ساتھی کھلاڑی پیار سے ’کانٹا‘بلاتے تھے ۔ سابق فاسٹ باولر وقار یونس نے سعید انور کے اس نام کی وجہ بتاتے ہوئے ایسا واقعہ سنا دیا کے آپ کی بھی ہنسی چھوٹ جائے گی۔نجی نیوز چینل پر وقار یونس نے بتا یا سعید انور ہر بات کو پہلے ماننے سے انکار کردیتے تھے اس وجہ سے ان کا نام کانٹا رکھا تھا ۔
سابق فاسٹ باولر نے بتا یا کہ ایک دفعہ میچ سے پہلے ایمپائر نے ہمیں گیند کا انتخاب کرنے کے لیے بریف کیس لا کر دیا جس میں سے میں نے کچھ گیندو ں کو چیک کر کے ایک گیند کا انتخاب کیا اور اسے وسیم اکرم کی طرف پھینکا کہ وہ اس کے بارے میں بتائیں ، وسیم اکرم نے گیند کو دیکھ کر اسے سعید انور کی طرف پھینکا جنہوں نے گیند کو دیکھ کر منہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ صحیح نہیں ہے اور عامر سہیل کی طرف پھینک دیا ،
عامر اور وسیم کو بھی سعید انور کی ہاں میں ہاں ملانا پڑی اور پھر یہ گیند واپس مجھے دے دیا گیا ،پھر میں نے بریف کیس میں کچھ دوسری گیندوں پر ہاتھ مار کر واپس وہ ہی گیند سعید انور کی طرف پھینکی کہ اسے چیک کر کے بتاؤ، سعید انور نے جیسے ہی اس گیند کو پکڑا تو بولا کہ یہ صحیح ہے ۔وقار یونس نے بتا یا کہ اس کے بعد جب ان سب کو معاملے کے بارے میں بتا یا تو سب کا ہنس ہنس کر برا حال ہو گیا ۔