بلوچستان اسمبلی کی نئی عمارت، نوجوانوں کو ترجیح، اور سرپلس بجٹ کا اعلان – وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی میڈیا سے گفتگو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی پرانی عمارت اب ضروریات پوری کرنے کے قابل نہیں رہی تھی، اس لیے پارلیمنٹ کی نئی عمارت وفاقی حکومت کے تعاون سے تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی عمارت بلوچستان کے ثقافتی رنگ اور روایات کی مکمل عکاسی کرے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی فنڈز کا نوے فیصد بروقت استعمال ممکن ہوا ہے، جو حکومت کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی، جبکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں گے تاکہ بے روزگاری پر قابو پایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ آئندہ بجٹ سرپلس بجٹ ہوگا، جو مالی نظم و ضبط کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشنز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن بحال ہو رہا ہے اور آج بلوچستان کی تمام شاہراہیں کھلی ہیں، جو امن و امان کی بہتر صورتحال کی عکاس ہیں۔

WhatsApp
Get Alert