وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی اسمبلی کے نئے بلاک اور آڈیٹوریم ہال کا افتتاح کر دیا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی اسمبلی کے نئے بلاک اور جدید آڈیٹوریم ہال کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر آڈیٹوریم ہال میں اپنے پہلے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئی اسمبلی بلڈنگ آئندہ پچاس سے ساٹھ سال کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کی جا رہی ہے، جس کی تعمیر وفاقی حکومت کے تعاون سے عمل میں لائی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی اسمبلی عوامی نمائندگی کا باوقار اور مؤثر ترین فورم ہے، اور مختصر مدت میں نئے بلاک اور آڈیٹوریم کی تعمیر ایک قابلِ تحسین کارنامہ ہے۔
انہوں نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی ٹیم کی انتھک محنت کو سراہا جنہوں نے منصوبے کو کامیابی سے مکمل کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئی عمارت میں اراکین اسمبلی کو جدید اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی، اور ایوان کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
