کھیل

آئی سی سی نے پاکستان میں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر بھارتی تحفظات مسترد کردیے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آئی سی سی کا کہنا ہے کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں منعقد ہونے کے حوالے سے پراعتماد ہیں۔کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل (آئی سی سی) کے چیئرمین گریگ بارکلے نے امید ظاہر کی ہے کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی اور اس حوالے سے پاکستان بہترین سیکیورٹی انتظامات کرے گا۔
خیال رہے بھارت کے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی تاہم ہمیں وہاں کی سیکیورٹی مسائل کو سامنے رکھنا ہوگا۔
بھارتی وزیر کے بیان سے متعلق سوال کے جواب میں گریگ بارکلے نے کہا کہ ہم پراعتماد ہیں، پاکستان میں گزشتہ چند سالوں سے انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ہے اور وہاں اچھی کرکٹ ہورہی ہے اور اگر ہمیں پاکستان پر بھروسہ نہ ہوتا تو ہم یہ آئی سی سی ایونٹ پاکستان کو کبھی نہ دیتے۔
چیئرمین آئی سی سی نے کہا کہ پاکستان کے پاس یہ اچھا موقع ہے کہ وہ اس ایونٹ کو کامیابی سے منعقد کرے کیوں کہ انہیں کئی سالوں بعد عالمی ایونٹ کی میزبانی ملی ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ تمام انتظامات بہترین طریقے سے کرے گا۔پاکستان نے آخری بار 1996 میں ورلڈکپ کی میزبانی کی تھی جس کے بعد پاکستان کو 2008 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھی دی گئی تھی تاہم اس وقت سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان کو اس ایونٹ سے محروم ہونا پڑا جو بعد میں جنوبی افریقا میں منعقد ہوا۔واضح رہے پاکستان کو 2025 کی چیمپنز ٹرافی کی صورت میں 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی ملی ہے۔

متعلقہ خبریں