صولت پاشا اور رضا ہارون نے یاسمین راشد کی رہائی کیلئے آواز بلند کر دی


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کو گزشتہ روز طبیعت ناساز ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اب ان کی رہائی کیلئے آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئیں ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر برائے آئی ٹی رضا ہارون نے ٹویٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی اور اخلاقی رحمدلی کا تقاضہ ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے ساتھ نرمی برتی جائے۔ انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے، پیرول پر ریلیف دیا جائے، ان کے گھر کو سب جیل قرار دے کر ہاؤس اریسٹ میں رکھا جائے، یا کوئی اور قانونی اور آئینی راستہ اختیار کیا جائے جو انسانی اقدار سے ہم آہنگ ہو، یہ موقع ہے کہ فراخدلی، درگزر اور بڑے ظرف کا مظاہرہ کیا جائے، جو نہ صرف ایک مثبت مثال قائم کرے گا بلکہ سیاسی ماحول میں بھی نرمی اور توازن پیدا کرے گا۔
یاسمین راشد کیلئے صولت پاشا نے ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ کل سے یاسمین راشد کی رہائی کے لئے کچھ پوسٹس دیکھیں، میں تو پچھلے ایک دو سال میں کئی بار یہ تذکرہ کر چکا کہ نا صرف وہ بلکہ دیگر خواتین کو بھی اب رہائی دے دی جائے، وہ سب اپنے جرم کے برابر سزا کاٹ چکیں، کچھ تو میں نے دیکھیں بھی جو ضمانت پر باہر آ کے اپنی سیاسی کاروائیوں میں مصروف ہیں لیکن ڈاکٹر یاسمین راشد پراب زیادتی کا سلسلہ بند کریں، وہ بیمار بھی ہیں اور بزرگ بھی، انکی فوری رہائی کروائی جائے چاہے پیرول پر ہو، یہ ضروری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق یاسمین راشد کو سانس میں دشواری، دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر زیادہ ہونے پر اسپتال لایا گیا ہے۔
یاسمین راشد کے معدے میں درد اور جلن بھی ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert