بچہ گود لینے کیلئے تیار ہوں: سوارا بھاسکر کا انکشاف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ سوارا باسکر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بچہ گود لینے کے لیے تیار ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک نیوز پورٹل کو انٹرویو دیتے ہوئے سوارا بھاسکر نے انکشاف کیا کہ ’بچہ گود لینے کا خیال کافی عرصے سے ان کے ذہن میں تھا لیکن حال ہی میں وہ اس فیصلے پر پہنچی ہیں کہ وہ اب اس کام کے لیے تیار ہیں۔‘
اپنے بیان میں سوارا نے کہا کہ ’وہ ہمیشہ سے ایک خاندان اور بچوں کی خواہش رکھتی تھیں اور اُنہوں نے محسوس کیا کہ شادی کرنے سے بہتر ہے کہ وہ ایک بچہ گود لے لیں۔‘اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ’وہ بہت سے ایسے جوڑوں سے ملیں جنہوں نے بچے گود لیے ہیں، کچھ ایسے بچوں سے ملاقات کی جو گود لیے گئے تھے اور اب وہ تقریباً بالغ ہو چکے ہیں اور انہوں نے گود لینے کے طریقہ کار اور تجربے کو بھی پڑھا ہے۔‘
سوارا بھاسکر نے کہا کہ ’اُنہوں نے اپنے والدین سے بھی بات کی، جنہوں نے بالآخر اتفاق کیا اور اب وہ اُن کے فیصلے کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔‘اداکارہ نے مزید کہا کہ ’انہوں نے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کرلی ہیں اور اب وہ گود لے کر بچے کی والدہ بننے کا انتظار نہیں کر سکتی ہیں۔‘