علی امین گنڈاپور کا بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو فی کس 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان


بونیر(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بونیر میں جاں بحق افراد کے ورثا ءکو فی کس 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا، علی امین گنڈاپور آج دوسرے روز بھی سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز‘‘ کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کلاؤڈ برسٹ کے بعد تباہی کی زد پر آنے والے علاقے بونیر کا دورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصان اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جاں بحق افراد کے ورثاء کو فی کس 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ بونیر کے عوام کا مشکل گھڑی میں ساتھ دیا۔
دورے کے موقع بونیر کے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیلابی صورت حال اور ریلیف سرگرمیوں پر اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی، چیف سیکرٹری اور ضلعی حکام شریک ہوئے، دوران اجلاس سیلاب سے ہونے والے تباہ کاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بونیر کی 7 ولیج کونسلوں میں 5380 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور اب تک 209 اموات، 134 لاپتا، اور 159 زخمی ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور آج دوسرے روز بھی سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں راستے بحال کرنا اولین ترجیح ہے، ایوی ایشن سے اضافی ہیلی کاپٹر مانگے ہیں، سیلاب متاثرین کو مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، جانی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں، مالی نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert