وفاقی وزیرِ مملکت وجیہہ قمر کا کوئٹہ میں نیوٹیک کے سائبر سیکیورٹی و آرٹیفیشل انٹیلیجنس کورسز کا دورہ

“بلوچستان کے 53 ہزار نوجوان جدید ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کر رہے ہیں، صوبہ ترقی کا سنگِ میل بنے گا”


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کوئٹہ میں نیو ٹیک کے زیرِ اہتمام جاری سائبر سیکیورٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کورسز کے مرکز انوسٹا ڈی ایچ اے کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انوسٹا کرنل (ر) عمران توقیر نے کورسز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیوٹیک کے تحت تین ماہ کے جدید کورسز کروائے جا رہے ہیں جن میں پچاس پچاس طلباء زیرِ تربیت ہیں۔ بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ نظم و ضبط اور شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔
کرنل عمران توقیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان خود اعتمادی اور محنت پر یقین رکھتے ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر مملکت وجیہہ قمر نے موقع پر طلباء و طالبات سے ملاقات کی، کلاسز کا معائنہ کیا اور ان کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
“پاکستان کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، اب وہ وقت گزر گیا جب نوجوان نوکریوں کے انتظار میں رہتے تھے، ہمیں انہیں ہنرمند بنانا ہے تاکہ وہ خود روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔”
وجیہہ قمر نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی کوششوں سے بلوچستان کے 53 ہزار نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سائبر سیکیورٹی کی تربیت دی جا رہی ہے، جو صوبے کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چھ دانش اسکول بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ صوبے کے ہونہار طلباء جدید تعلیم حاصل کر کے ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ:
“بلوچستان ہمارے دل کے قریب ہے، ہمیں اس کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لانا ہے، اور فتنۂ ہندوستان کا ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے تاکہ اس کے مکروہ عزائم مکمل طور پر ناکام بنائے جا سکیں۔”
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی جڑوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے مگر اسے ہمیشہ ناکامی کا سامنا ہوگا، کیونکہ پاکستان ایک کلمے کی بنیاد پر قائم ہوا ہے۔
وجیہہ قمر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سیکھ کر ملک کو ڈیجیٹل معیشت کی راہ پر گامزن کریں، تاکہ پاکستان عالمی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہو سکے۔
آخر میں وفاقی وزیر مملکت نے نیو ٹیک انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور بلوچستان میں مزید ٹیکنیکل ایجوکیشن سینٹرز کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر نیوٹیک حسین بخش مگسی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

WhatsApp
Get Alert