رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ 6 نومبر، دوسرا 13 نومبر سے شروع ہوگا
تیاریاں حتمی مراحل میں داخل، 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع؛ خصوصی ٹرینیں اور الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان

رائے ونڈ( ڈیلی قدرت کوئٹہ ) تبلیغی جماعت کے سالانہ عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ 6 نومبر بروز جمعرات سے شروع ہوگا، جس کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ امسال بھی اجتماع دو حصوں میں منعقد ہوگا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں زائرین شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق، اجتماع کا پہلا مرحلہ 06 نومبر بروز جمعرات کو بعد نمازِ عصر رائے ونڈ سند روڈ پر وسیع و عریض میدان میں شروع ہوگا اور 9 نومبر بروز اتوار دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ دوسرا مرحلہ 13 نومبر بروز جمعرات کو شروع ہوگا اور 16 نومبر بروز اتوار دعا پر اختتام پذیر ہوگا۔
پہلے مرحلے میں دیر، باجوڑ، بونیر، چترال، سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی، صوبہ سندھ کے تمام اضلاع (علاوہ کراچی)، راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، جہلم، اٹک، کشمیر کے تمام اضلاع، لیہ، مظفر گڑھ اور کرک کے اضلاع سے زائرین شرکت کریں گے۔
دوسرے مرحلے میں گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاالدین، شیخوپورہ، حافظ آباد، گلگت بلتستان کے مکمل اضلاع، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہستان، بٹگرام، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، لودھراں، کوہاٹ، بنوں، اورکزئی، کرم، مردان، صوابی اور مالاکنڈ جنوبی کے اضلاع کے افراد شرکت کریں گے۔
اجتماع کے منتظمین کے مطابق، امسال 10 لاکھ افراد کے قیام و طعام کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان ریلوے اس موقع پر خصوصی ٹرینیں چلائے گا اور اجتماع کے ایام میں تمام نان اسٹاپ ٹرینیں رائے ونڈ جنکشن پر رکیں گی۔ علاوہ ازیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی شرکائے اجتماع کی سہولت کے لیے الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
