وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے آل استحکامِ پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کی: “بلوچستان کے نوجوان صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں”

کھیل صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں، نوجوانوں میں نظم و ضبط اور مثبت سوچ پیدا کرتے ہیں: وزیر اعلیٰ ضلعی سطح پر اسپورٹس انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لیے خصوصی منصوبے شروع کر دیے گئے ہیں


سنجاوی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آل استحکامِ پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں شرکت کی اور شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ، سردار کوہیار خان ڈومکی، پارلیمانی سیکرٹری ولی محمد نورزئی اور میر اصغر رند بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فائنل میچ میں شریک ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان کھیلوں کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ پیدا کرتے ہیں۔


وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے ضلعی سطح پر انفراسٹرکچر بہتر بنانے، اسپورٹس گراؤنڈز کی بحالی اور نوجوانوں کو جدید تربیت کی فراہمی کے لیے خصوصی منصوبے شروع کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنجاوی جیسے علاقوں میں فٹبال اور دیگر کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے گا، جو ایک پرامن اور مضبوط بلوچستان کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد بھی دی۔

WhatsApp
Get Alert