گوادر کے تاریخی ورثے کا تحفظ: جی او سی 44 اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن کا عمانی قلعے کا دورہ

میجر جنرل حبیب نواز نے جی ڈی اے کے بحالی منصوبوں کو سراہا، پائیدار مستقبل اور سیاحتی فروغ کے لیے اہم قرار دیا عمانی قلعہ، چارپادگو اور واچ ٹاورز کی مرمت جاری ہے، ماسٹر پلان کے تحت تاریخی ورثے کا تحفظ اولین ترجیح: ڈی جی جی ڈی اے


گوادر( ڈیلی قدرت کوئٹہ ) میجر جنرل حبیب نواز، جی او سی 44 اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن پاکستان آرمی گوادر نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) معین الرحمٰن خان کے ہمراہ تاریخی عمانی قلعے کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر میجر جنرل حبیب نواز نے عمانی قلعے کے مختلف حصوں، وہاں قائم میوزیم اور جی ڈی اے کی جانب سے جاری ترقیاتی، بحالی اور تحفظ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جی ڈی اے کے شہر کے تاریخی و ثقافتی ورثے کی بحالی کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات گوادر کے پائیدار مستقبل اور سیاحتی فروغ کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے بتایا کہ گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت جہاں شہر کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دے رہی ہے، وہیں تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے بھی ایک جامع منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں تاریخی عمانی قلعہ، چارپادگو، تار آفس، عمانی واچ ٹاور اور پرتگیزی واچ ٹاور کی مرمت و بحالی کے کام شامل ہیں، جو تیزی سے اور معیار کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ڈی جی جی ڈی اے نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد گوادر کی ترقی کے ساتھ ساتھ شہر کے تاریخی و ثقافتی پس منظر کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہے، جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ اس کی سیاحتی اہمیت بھی مزید بڑھے گی۔

WhatsApp
Get Alert