کوئٹہ ‘مسائلستان’ بن گیا: گیس، بجلی، انٹرنیٹ اور پانی کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ حکومت کی مسلسل عدم توجہی کے باعث مسائلستان کی شکل اختیار کر چکا ہے، جہاں گیس، بجلی، انٹرنیٹ اور پانی کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی گیس کی بار بار بندش اور پوری رات غائب رہنے کے بعد شہریوں کو گیزر استعمال کرنے کی بجائے لکڑیوں کے ذریعے پانی گرم کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، جس پر عوام نے افسوس کا اظہار کیا کہ جدید دور اور ترقی کے کھربوں روپے کے دعووں کے باوجود وہ “سو سال پرانی زندگی” کی طرف لوٹ گئے ہیں۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور دن میں ہر تین گھنٹے بعد گیس کی بندش نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ تعلیم اور تجارت کے لیے انتہائی ضروری انٹرنیٹ کی سروس بھی ختم ہو کر رہ گئی ہے، جہاں موبائل ڈیٹا کی رفتار صفر ہے اور وائی فائی بھی ہر دو گھنٹے بعد غائب ہو جاتا ہے۔ عوامی حلقوں نے موجودہ حکمرانوں کی بے حسی کو جیب بھرنے اور آئندہ انتخابات کی تیاری قرار دیتے ہوئے چیف جسٹس بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا سوموٹو نوٹس لیں اور گیس کمپنی کے ایم ڈی، کیسکو چیف ایگزیکٹو، اور مختلف موبائل کمپنیوں کے سربراہان کو طلب کر کے عوام سے بڑی رقوم وصول کرنے کے باوجود ناقص کارکردگی پر جواب طلب کریں۔

WhatsApp
Get Alert