سردی کا مزہ دوبالا کریں، مچھلی کی مختلف ڈشز سے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جیسا کہ آپ جانتی ہیں کہ موسم سر ما کی آمد آمدہے اورا س موسم میں کچھ کھانوں کا اپنا ہی مزہ ہوتا ہے۔ مچھلی بھی سردیوں کی سوغات سمجھی جاتی ہے ۔اسی لیے اس موسم میں اس کا استعمال زیادہ کیا جاتا ہے ۔اس ہفتے ہم آپ کو مچھلی کے مختلف پکوان کی ترکیب بتا رہے ہیں ۔انہیں آزما کرخود بھی مزے سے کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں ۔

……بیسن مچھلی ……

اجزاء: مچھلی آدھا کلو ،بیسن ایک پائو ،نمک حسب ضرورت، پسی ہوئی لال مرچ حسب ِضرورت ،اجوائن ایک چائے کا چمچہ ،سرکہ چار کھانے کے چمچے، گرم مسالا ایک چائے کا چمچہ ،لیموں ایک عدد ،ادرک دو انچ کا ٹکڑا ،لہسن چھ جوے ،گھی حسب ِضرورت

ترکیب : مچھلی کے ٹکڑے سرکے میں آدھے گھنٹےکے لیے بھگودیں ۔بیسن میں نمک ،لال مرچ اور پسا ہوا مسالہ ملاکر پکوڑوں کے بیسن کی طرح پیسٹ تیار کرلیں ۔کڑھائی میں گھی اتنا ڈالیں کہ مچھلی کو پکوڑوں کی طرح تل سکیں۔اب مچھلی کے ٹکڑے بیسن میں بھگو کر گھی میں ڈالتی رہیں اور اچھی طرح تل کر اتارلیں ۔

……فرائی مچھلی ……

اجزاء: مچھلی آدھا کلو ،ادرک آدھی چھٹانک ،لہسن چھ جوے ،نمک ،لال مرچ پسی ہوئی حسب ِضرورت ،انڈے دو عدد ،ڈبل روٹی کا چورا آدھی پیالی، سرکہ چار چائے کے چمچے ،گھی حسب ِضرورت ۔

ترکیب: سب سے پہلےمچھلی کو درمیان سے اس طرح کاٹیں کہ بیچ کا کانٹا نکل جائے ۔اب چاہیں تو اس کے چار ٹکڑے کرلیں ،پھر سر کے میں سب مسالے ڈال کر اس میں مچھلی ڈال دیں اور ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں ۔ان ٹکڑوں کو چورے میں لپیٹیں اور پھینٹے ہوئے انڈوں میں ڈبو کر گھی میں اچھی طرح سے تل لیں ۔پیش کرتے وقت لیموں چھڑک دیں ۔آلو اور ٹماٹر کے ساتھ پیش کریں ۔

……مچھلی کا سالن ……

اجزاء: مچھلی آدھا کلو ،پیاز ایک عدد ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ ،ہلدی آدھا چائے کا چمچہ ،دھنیا پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ ،نمک ،لال مرچ پسی ہوئی حسب ِضرورت ،دہی ایک پائو ، ہرا مسالہ حسب ِمنشاء گھی یا تیل حسبِ خواہش ،آٹا مچھلی دھونے کے لیے

ترکیب : پہلےمچھلی کو اچھی طرح سے دھولیں پھر آٹا لگا کر خوب دھوئیں، تاکہ بونہ رہے۔ اب پیاز لچھے دار کاٹ کر گھی میں سنہرے کرلیں ۔پھر سب مسالے اور دہی ڈال کر بھونیں۔ جب اچھی طرح سے مسالہ بھُن جائے اور گھی چھوڑ دے تو ایک فرائی پین میں مچھلی کے ٹکڑوں کو تل کر مسالے میں ڈال کر تھوڑے سے پانی کا چھینٹا دے دیں ۔دس منٹ دھیمی آنچ پر پکائیں اور ہرا دھنیا ڈال کر اتارلیں ۔

…ہرے مسالے کی مچھلی…

اجزاء: مچھلی ایک کلو،نمک حسب ذائقہ، لہسن چار سے چھ جوے، ٹماٹر دو عدد درمیانے، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ،سرکہ تین کھانے کے چمچے، ناریل پسا ہوا چار کھانے کے چمچے، کڑی پتہ پانچ سے چھ عدد، ہری مرچیں آٹھ سے دس عدد، ہرا دھنیا دو گٹھی، لیموں کا رس چار سے چھ کھانے کے چمچے، تیل تلنے کے لیے

ترکیب: پانی میں نمک اور ایک کھانے کا چمچہ سرکہ ملا کر مچھلی اس میں دھو لیں۔ بعدازاں دو سے تین کھانے کے چمچے لیموں کا رس اچھی طرح لگائیں اور پھر ڈھک کر ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس دوران ہرا مسالہ تیار کر لیں۔ ٹماٹروں کو لہسن، ناریل ،ہری مرچوں اور ہرے دھنیے کے ساتھ بلینڈر میں پیس لیں۔

اب اس میں نمک اور گرم مسالہ ملا کر رکھ لیں۔ دیگچی میں ایک کھانے کا چمچہ تیل درمیانی آنچ پر دو منٹ گرم کریں اور پسا ہوا مسالہ ڈال کر اتنی دیر بھونیں کہ تیل نظر آنے لگے، پھر چولہے سے اتار کر بقیہ لیموں کا رس ملا لیں۔

ہرا مسالہ تیار ہے۔ کڑاہی میں تیل کو درمیانی آنچ پر تین سے چار منٹ گرم کریں۔ مچھلی کو سنہرا ہونے تک ڈیپ فرائی کر کے نکال لیں۔ دیگچی میں دو کھانے کے چمچے تیل ڈال کر مچھلی کو اس میں رکھ دیں۔ بعدازاں اس میں بھنا ہوا مسالہ اورکڑی پتہ ڈال کر چار سے پانچ منٹ ہلکی آنچ پر پکائیں۔ آخر میں لیموں کا رس چھڑک دیں۔